بھٹکل 11 جولائی (ایس او نیوز) راہ گیروں پر لاری چڑھ جانے کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت تین لوگوں کی موقع پر ہی موتواقع ہوگئی، یہ حادثہ آج پیر علی الصباح انکولہ تعلقہ کے ماستی کٹہ نیشنل ہائی وے 63 پر پیش آیا۔ مرنے والوں کی شناخت ہبلی کی ر ہنے والی سدوّا ہالپّاگانیگیر(55)، کلگھٹگی تعلقہ کے کلپّا (45) اور چنپّا (35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سدّوا ماستی کٹہ مندر کے قریب ایک ہوٹل میں چائے پینے کے بعد اپنی کار کی طرف بڑھ رہی تھی کہ اچانک لاری سدوّا پر چڑھ گئی، اُس سے ٹکرانے کے بعد لاری بے قابو ہوگئی اور قریب میں واقع مزید دو لوگوں پر چڑھ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ کلپا اور چنپا لاری ڈرائیور اور کلینر ہیں جو اپنی لاری سے اُتر کر اپنی سواری کی جانچ کررہے تھے، جس کے دوران لاری سدوّا سے ٹکراکر سیدھے ان دونوں پر چڑھ گئی۔ جس کے نتیجے میں تینوں ہلاک ہوگئے۔ پولس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق لاری آندھراپردیش سے مچھلیاں بھر کر گوا جارہی تھی۔ جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ حادثےکے فوری بعد لاری ڈرائیور موقع پر سے فرار ہوگیا۔
سدّوا اپنے گھروالوں کے ساتھ کار پر سوارماستی کٹہ مندر میں پوجاکرنے کےلئے پہنچی تھی، پوجا کے بعد سبھی لوگ ہائی وے کنارے واقع ایک ہوٹل میں چائے پینے کے لئے رُکے تھے۔ چائے پینے کے بعد جیسے ہی سدّوا کار کی طرف بڑھی، تیز رفتار لاری کی زد میں آگئی۔
انکولہ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے ، چھان بین جاری ہے۔